یومِ استحصالِ کشمیر، مظلوم کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ملک گیر ریلیاں جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

یومِ استحصالِ کشمیر: مظلوم کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ملک گیر ریلیاں جاری
یومِ استحصالِ کشمیر: مظلوم کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ملک گیر ریلیاں جاری

اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے ریلیاں جاری ہیں جس کا مقصد 5 اگست 2019ء کو بھارتی اقدامات کے باعث مظلوم کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو بے نقاب کرنا ہے جسے آج 1 برس مکمل ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق مظلوم کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے آج صبح 10 بجے پاکستان بھر میں 1 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ یومِ استحصالِ کشمیر کی مرکزی ریلی وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد سے پارلیمنٹ تک نکالی گئی۔

صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وزیرِ اطلاعات شبلی فراز اور وزیرِ مملکت برائے انسدادِ منشیات و سیفرون  شہریار آفریدی کے ہمراہ ریلی میں شریک ہوئے۔

دوسری جانب یومِ استحصالِ کشمیر کی دیگر ریلیاں صوبائی دارالحکومت، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور کراچی سے نکالی گئیں۔لاہور میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے ریلی سے خطاب کیا۔

لاہور میں یومِ استحصالِ کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ آزادی مقبوضہ کشمیر کے عوام کا مقدر ہے جبکہ بھارت ظلم و جبر سے کشمیریوں کو دبا نہیں سکتا۔

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے جبکہ بھارت میں اقلیتوں پر ظلم ڈھایا جاتا ہے۔ پاکستان ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر میں بھی مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے حقِ خود ارادیت کے حق میں ریلی نکالی گئی۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلاء ریلی میں شریک ہوئے جبکہ میر پور میں عدالت سے چوک شہید تک احتجاج کیا گیا۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما و قائدِ حزبِ اختلاف سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ہم بھارت کا بد ترین چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کرکے رہیں گے۔

کینٹ اسٹیشن کراچی میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقعے پر ٹرین مارچ کے شرکاء  اور میڈیا نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ آج سے ٹھیک 1 سال پہلے بھارتی پارلیمنٹ میں ایک کالا قانون منظور کیا گیا جس کے تحت کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنا مقصود تھا۔

مزید پڑھیں: بھارت کا بد ترین چہرہ بے نقاب کریں گے۔فردوس شمیم نقوی

Related Posts