گزشتہ 7 روز میں مہنگائی کی شرح ریکارڈ حد تک بڑھ گئی

تازہ ترین

تازہ ترین

مہنگائی
(فوٹو: آن لائن)

کراچی: گزشتہ 7 روز میں ملک بھر میں مہنگائی کی شرح ریکارڈ حد تک بڑھ گئی ہے۔ مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارۂ شماریات کے جاری کردہ ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار سامنے آگئے۔ مہنگائی تاریخ کی بلند ترین 32 اعشاریہ 01 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

ملک میں چینی کے ذخائر  پر شوگر ملز ایسوسی ایشن کا اہم بیان 

وفاقی ادارۂ شماریات کا کہنا ہے کہ 7روز میں مہنگائی کی شرح 3.63 کی ریکارڈ حد تک بڑھ گئی۔ ایک ہفتے میں 28 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 6 کی قیمتوں میں کمی جبکہ 17 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ادارۂ شماریات کے مطابق بجلی کی قیمت میں 27 اعشاریہ 89 جبکہ ایل پی جی کی قیمت میں 1.15 فیصد اضافہ ہوا۔ ٹماٹر کی قیمت میں  31.53اضافہ، پیاز 7.89 جبکہ چائے 4.60فیصد مہنگی ہوئی۔

انڈوں کی قیمت میں 2.56فیصد، دال ماش 2.0، دال چنا 2.17، مونگ 1.83، دودھ 1.81، آلو 1.67 جبکہ بریڈ کی قیمت 1.59 فیصد بڑھی۔ مرغی کے گوشت کی قیمت میں 6.81 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

کیلا 0.78 فیصد جبکہ گھی 0.44فیصد سستا ہوا۔ گزشتہ 1سال میں ڈیزل کی قیمت میں 129 فیصد جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 106 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پیاز 113 فیصد جبکہ گھی 85 فیصد مہنگا ہوا۔

Related Posts