عمران خان کی تقریر براہِ راست نشر کرنے پر پابندی سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج

تازہ ترین

تازہ ترین

عمران خان
(فوٹو: آن لائن)

کراچی: سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی تقریر براہِ راست نشر کرنے پر  حکومت کی جانب سے عائد کی گئی پابندی سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے عمران خان کی لائیو کوریج پر عائد کی گئی پابندی کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں آئینی درخواست اپنے وکیل عمر سومرو ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

چیئرمین پی ٹی آئی کی نوجوانوں سے عمران خان ٹائیگرز میں شمولیت کی اپیل

واضح رہے کہ علی زیدی پی ٹی آئی دورِ حکومت میں وزیرِ بحری امور کے عہدے پر فائز رہنے کے ساتھ ساتھ تحریکِ انصاف کے سینئر نائب صدر سمیت دیگر اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں اور اب پی ٹی آئی سندھ کے صدر کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

سندھ ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں علی زیدی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان کی تقریر براہِ راست نشر کرنے پر پابندی عائد کرنا آزادئ اظہارِ رائے پر قدغن لگانے کے مترادف ہے۔ عدالت یہ پابندی کالعدم قرار دے۔

درخواست میں پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر مرکزی رہنما علی زیدی نے سندھ ہائیکورٹ سے درخواست کی ہے کہ 20 اگست کے روز پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔

سابق وزیرِ بحری امور علی زیدی نے اپنی سندھ ہائیکورٹ کو دی گئی درخواست میں چیئرمین پیمرا، پی بی اے اور وفاقی وزارتِ اطلاعات و نشریات کو فریق بنایا ہے۔ خیال رہے کہ پیمرا کی جانب سے عمران خان کی تقریر نشر کرنے پر پابندی کے خلاف سوشل میڈیا صارفین بھی آواز بلند کر رہے ہیں۔

Related Posts