نیازی حکومت نے دوسری بار پٹرول بم گرا دیا، فیصلہ واپس لیا جائے۔شازیہ مری

تازہ ترین

تازہ ترین

نیازی حکومت نے دوسری بار پٹرول بم گرا دیا، فیصلہ واپس لیا جائے۔شازیہ مری
نیازی حکومت نے دوسری بار پٹرول بم گرا دیا، فیصلہ واپس لیا جائے۔شازیہ مری

کراچی: پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور رکنِ قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ نیازی حکومت نے رواں ماہ دوسری بار پٹرول بم گرایا ہے، فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق پی پی پی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کی ماری عوام پر رواں ماہ دوسری بار پٹرول بم گرایا، فیصلہ واپس لے کر عوام کو ریلیف دیا جائے۔ نا اہل نیازی حکومت کے عوام پر پٹرول بم گرانے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

مہنگائی کے خلاف بیان جاری کرتے ہوئے رکنِ قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت عالمی طاقتوں کی ڈکٹیشن پر چل رہی ہے، جسے عوام کی کوئی پروا نہیں۔ پیپلز پارٹی حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 1 اعشاریہ 71 روپے فی لٹر اضافے کے عوام دشمن فیصلے کو مسترد کرتی ہے۔

اپنے بیان میں ایم این اے شازیہ مری نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے غریب عوام پر مہنگائی کا طوفان آئے گا اور ان کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگا۔ پی ٹی آئی حکومت کی غلط اور عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے عوام ان سے بے زار ہوچکے ہیں۔

 مرکزی سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی شازیہ مری نے بتایا کہ ادارۂ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق چینی کی قیمت میں بھی 1 روپے 55 پیسے فی کلو اضافہ کیا گیا جبکہ مہنگائی میں مسلسل اضافہ حکومتی دعووں کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ حکومت بد ترین مہنگائی کرکے عوام سے جینے کا حق چھین رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کی رکنِ قومی اسمبلی اور مرکزی رہنما شازیہ مری نے پی ٹی آئی کی وفاقی  حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرول، چینی اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے واپس لیے جائیں اور عوام کو ریلیف، جینے کا حق اور سکھ کا سانس لینے کا موقع فراہم کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔فواد چوہدری

Related Posts