وفاقی وزیرِ داخلہ ایک روزہ سرکاری دورے کیلئے آج پشاور روانہ ہو گئے جہاں امن و امان سے متعلق اجلاس منعقد ہورہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد پشاور میں امن و امان سے متعلق اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیرِ داخلہ شیخ رشید کو صوبہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔
صوبائی دارالحکومت پشاور میں وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد اور وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا امن و امان سے متعلق اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ وزیرِ اعلیٰ کے پی کے محمود خان اور شیخ رشید احمد کو امن و امان کیلئے حکمتِ عملی پر آگہی دی جائے گی۔
قبل ازیں خیبر پختونخوا کے ضلع مالاکنڈ میں بٹ خیلہ کے مقام پر پی ڈی ایم کارکنان کی طرف سے جلسے کے دوران نجی ٹی وی کی میڈیا ٹیم پر حملے کی خبر سامنے آئی تھی جس پر وزیرِ داخلہ نے افسوس کا اظہار کیا۔
مشتعل پی ڈی ایم کارکنان نے 16 روز قبل میڈیا ٹیم کو زدوکوب کرتے ہوئے ڈی ایس این جی وین پر پتھر اور ڈنڈے برسا دئیے۔ میڈیا ٹیم نے خود کو ڈی ایس این جی میں بند کر لیا تھا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن بند گلی میں جارہے ہیں، ان کے ساتھ ہاتھ ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے لانگ مارچ کی تاریخ بتائیں،آپ کااستقبال کریں گے۔
وزیرداخلہ شیخ رشید کاراولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مہنگائی اس لیے زیادہ ہوئی کہ چوروں نے بہت زیادہ لوٹا، ماضی میں ایسے معاہدے کیے گئے جس کی وجہ سے بجلی مہنگی کرنا پڑی۔
مزید پڑھیں: مولانا بند گلی میں جارہے ہیں، ان کے ساتھ ہاتھ ہو جائے گا، شیخ رشید
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








