سیاسی پارٹیاں خوشامدیوں سے نہیں، باضمیر کارکنان سے چلتی ہیں۔شیخ رشید

تازہ ترین

تازہ ترین

شیخ رشید
(فوٹو: آن لائن)

راولپنڈی: سابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاسی پارٹیاں خوشامدیوں سے نہیں، باضمیر کارکنان سے چلتی ہیں، سیاسی پارٹی اور ڈسکو پارٹی میں فرق ہوتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ زبردستی کے سیاسی نکاح کا انجام طلاق ہوتا ہے۔ 20 کلو آٹا 3 ہزار روپے کا ہوگیا۔ غریب کیا پکائے؟ کیا کھائے گا؟ عوام روٹی کی بجائے زہر کا گھونٹ پئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:

مایوس کن کارکردگی، مفتاح اسماعیل پارٹی عہدے سے برطرف

ٹوئٹر پیغام میں سابق وزیرِ داخلہ نے کہا کہ نواز شریف پاکستان آ کر بھی دیکھ لیں تاکہ اس کا بھی کٹی کٹا نکل جائے۔ 3 پارٹیاں 2 تہائی اکثریت لینے کا دعویٰ کر رہی ہیں۔ ان کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی۔ انہوں نے پیپلز پارٹی پر بھی تنقید کی۔

سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ پی پی پی کو سوات جلسے میں زمینی حقائق سمجھ آجانے چاہئیں۔ بریانی والی جلسیاں چہروں سے پہچانی جاتی ہیں۔ جس پارٹی کا صدر ڈار کو سپورٹ کررہا ہو، وہ غریب کی غربت اور بے بسی کا مذاق اڑا رہا ہے۔

عوامی لیگ کے سربراہ نے کہا کہ جن کے اپنے بچوں کی پاکستانی شہریت نہیں، وہ دوسروں کے بچوں کو کیا طعنہ دیں گے؟ اس بار اوور سیز پاکستانی سیاست کو پلٹ کر رکھ دیں گے۔ بلاول کہتا تھا 10ارب ڈالر آئیں گے، اب بجٹ پر نورا کشتی کر رہا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ عوام بتائے گی کہ ہم بکاؤ دہی بھلے اور پاپڑ والے نہیں ہیں۔ دنیا ہماری اخلاقی گراوٹ کی وجہ سے ہمیں امداد نہیں دے رہی۔ بلاول کو اب خیال آیا جب سیلاب زدگان کو بھوک اور افلاس نے مار دیا؟ بے روزگاری کے ہاتھوں 300افراد یونان کے سمندر میں شہید ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ یونان میں کشتی کا ڈوب جانا معاشی قتلِ عام ہے۔ یومِ احتساب اور یومِ حساب دور نہیں۔ سیاست کو گڈی گڈے کا کھیل سمجھنے والوں کی آنکھیں جلد کھل جائیں گی۔

Related Posts