مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی بنانے پر سندھ حکومت اور وفاق میں لفظی جنگ شروع

تازہ ترین

تازہ ترین

مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی بنانے پر سندھ حکومت اور وفاق میں لفظی جنگ چھڑ گئی
مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی بنانے پر سندھ حکومت اور وفاق میں لفظی جنگ چھڑ گئیگورنر سندھ نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب کی تعیناتی الیکشن سے قبل دھاندلی کی کوشش ہے۔(فوٹو: ڈان/بزنس ریکارڈر)

کراچی: ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کیے جانے کی تیاریاں جاری ہیں، اس دوران صوبائی حکومت اور وفاق کے مابین لفظی جنگ شروع ہوگئی، دونوں روایتی مخالفین ایک بار پھر آمنے سامنے آگئے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی بنائے جانے کی خبر منظرِ عام پر آئی جس پر وزیرِ اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب ایڈمنسٹریٹر کی حیثیت سے کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

وزیرِ اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اگر مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کیا جاتا ہے تو یہ سندھ حکومت کا انتہائی خوش آئند فیصلہ ہوگا تاہم گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی بنائے جانے کی شدید مخالفت کی ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وفاق اور سندھ حکومت کے مابین یہ بات طے ہوئی تھی کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی کوئی سیاسی آدمی نہیں ہوگا۔اس عہدے کیلئے مرتضیٰ وہاب کا نام دینا پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی طرف سے الیکشن سے پہلے دھاندلی کی کوشش ہے۔

مرتضیٰ وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر تعیناتی کے متعلق گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ہم اس تعیناتی کے خلاف عدالتوں کا رخ کریں گے۔ قبل ازیں رکنِ سندھ اسمبلی اور صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان نے بھی مرتضیٰ وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی تعیناتی کی شدید مخالفت کی۔

 صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت وفاق کے ترقیاتی فنڈز ہڑپنے کیلئے مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر تعینات کر رہی ہے۔ صوبائی حکومت پیسے کیلئے آئینی راستے اور چور دروازوں کا استعمال بخوبی جانتی ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کی تبدیلیوں کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔

تحریکِ انصاف کراچی ڈویژن کے صدر نے کہا کہ بتایا جائے مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی کس تجربے کی بنیاد پر لگایا جارہا ہے؟ سندھ حکومت کے ایم سی میں جیالوں کی فوج تیار کر رہی ہے۔ سن کوٹہ پر آئے ہوئے جیالے کو ایڈمنسٹریٹر لگاکر نوازنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

رکنِ سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ کراچی کے مسائل باتوں سے نہیں، عمل سے حل کیے جاسکتے ہیں۔ کراچی کی رونقیں بحال کرنا بچوں کے بس کا کام نہیں۔ مرتضیٰ وہاب کراچی کی ذمہ داری سنبھالنے کے اہل نہیں۔ فیصلے میں سندھ حکومت نے اپوزیشن ممبران کو پھر نظر انداز کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کا مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی بنانے کا فیصلہ

Related Posts