واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ افغان عوام کو اپنی قسمت کا فیصلہ خود کرنا ہوگا جبکہ امریکی افواج افغانستان سے انخلاء 31 اگست تک مکمل کر لیں گی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے افغانستان سے وقت سے قبل فوج کا انخلاء مکمل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم افغانستان میں قوم بنانے کیلئے نہیں گئے تھے۔
امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گزشتہ روز صدر جو بائیڈن نے کہا کہ افغان طالبان فوجی لحاظ سے مضبوط ترین پوزیشن پر ہیں۔ ہوسکتا ہے انہیں اقتدار حاصل ہوجائے۔
گفتگو کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ یہ افغان عوام کا حق ہے کہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں۔ افغان مسئلے کے حل کیلئے خطے کے ممالک کو آگے آنا ہوگا۔
صدر جو بائیڈن نے کہا کہ ہمیں افغان فورسز کی صلاحیتوں پر بھروسہ ہے تاہم طالبان اور افغان حکومت میں جھڑپوں کے دوران شہری ہلاکتوں کا ذمہ دار امریکا نہیں ہوگا۔
افغانستان سے قبل از وقت انخلاء کے بیان پر صحافیوں نے صدر جو بائیڈن پر سوالات کی بوچھاڑ کردی۔ سوال کیا گیا کہ آپ کو طالبان پر بھروسہ ہے کہ نہیں؟
جوبائیڈن نو نو کرتے رہ گئے۔ انہوں نے طالبان پر بھروسے کے سوال کو بچگانہ قرار دے دیا جبکہ امریکی صدر صحافیوں کو جواب دئیے بغیر ہی پریس کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے۔
دوسری جانب امریکا کے اتحادی برطانیہ کا کہنا ہے کہ افغانستان سے انخلاء کیلئے کوئی لمحہ بہترین قرار نہیں دیا جاسکتا۔ وزیرِ اعظم بورس جانسن نے کہا کہ صورتحال پہلے سے مختلف ہے۔
برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن نے کہا کہ افغان جنگ کے دوران گزشتہ 20 سالوں کے فوائد پر شک نہیں کرنا چاہئے تاہم برطانوی فوج کا ارادہ افغانستان میں مستقل ٹھہرنے کا نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان کے سیکڑوں علاقوں پرطالبان قابض، اشرف غنی کہاں حکومت کرینگے؟
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








