بلوچستان اسمبلی میں اسپیکر کے عہدے کیلئے عبدالخالق اچکزئی جبکہ ڈپٹی اسپیکر کیلئے غزالہ گولہ کو بلا مقابلہ منتخب کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیلئے عبدالخالق اچکزئی کو امیدوار نامزد کیا تھا جبکہ پیپلز پارٹی نے غزالہ گولہ کو ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کیلئے نامزد کیا۔
بلوچستان اسمبلی کے سیکریٹری طاہر شاہ کاکڑ نے دونوں امیدواروں کو بلامقابلہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کیلئے منتخب قرار دینے کا اعلان کیا۔ اسپیکر عبدالخالق اور ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ کی حلف برداری آج ہوگی۔
انتخابات میں دھاندلی کا الزام
خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے بلوچستان کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا، جس کے باعث بلوچستان کا دیگر صوبوں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان کے 20 سے زائد مقامات پرانتخابی نتائج میں مبینہ ردوبدل اور دھاندلی کے الزامات پر دھرنے دئیے گئے۔چمن کوئٹہ سیکشن پر ٹرینوں کی آمدورفت بھی معطل رہی۔ کئی اضلاع میں شدید احتجاج کیا گیا۔
صوبے کے اضلاع چمن، قلعہ سیف اللہ، پشین،گوادر، زیارت اور نوشکی سمیت دیگر شہروں میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، جے یوآئی اور اے این پی کی جانب سے مختلف مقامات پر احتجاج کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ نیشنل پارٹی اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سےدھرنے بھی دئیے گئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








