کراچی: پاک سرزمین پارٹی کی جانب سے باغ جناح گراؤنڈ میں جلسے کا اہتمام کیا گیا، جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس پی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کراچی میں جلسہ کرکے غلطی کی ہے، اب پیپلزپارٹی کے خلاف انقلاب آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ بارہ سالوں میں 8 ہزار ارب ہضم کیے گئے، جس کا حساب لیا جائے گا، مصطفی کمال نے کہا کہ وزیراعظم نے دکھاوے کا کراچی کا دورہ کیا، کراچی کو کچھ بھی نہیں دیا گیا، ہم کیسے بانیان پاکستان کی اولاد ہیں جن کی گنتی بھی پوری نہیں کی جاتی۔
حکمرانوں کو کراچی کا فیصلہ کرنا ہوگا،مریم نواز سے سوال ہے کہ آپ کے والد نے لاپتہ افراد کو بازیاب کیوں نہیں کروایا،شیم شیم کے نعرے لگوانا اچھی بات نہیں، ماضی میں اداروں کو استعمال کرنے والے آج اداروں کو ٹارگٹ کررہے ہیں۔
مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی پورے ملک کو ستر فیصد ریونیو کما کر دیتا ہے، مگر اسے کھنڈرات بنا دیا گیا ہے،ہم کس سے فریاد کریں، بے شمار نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے،کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔
نوٹوں سے بھرے بریف کیس دیکر من مانایاں کرانے کا دور ختم ہوگیا،پی ڈی ایم نے 18 اکتوبر کو جو جلسہ کیا،جس میں ملک بھر کے لیڈر تھے،کوئی بھی مقامی نہیں تھا اور نہ ہی کراچی کی بات کی گئی صرف عمران خان کو ہٹانے کا ڈرامہ کیا گیا، بارہ سال سے اقتدار میں رہنے والی پیپلز پارٹی نے صوبے کو کیا دیا؟
تقریر کے دواران کراچی کا دکھڑا بیان کرتے ہوئے سید مصطفے کمال آبدیدہ ہوگئے،کہتے ہیں کہ ہم کیسے پاکستانی ہیں کہ ہمیں گنتے ہوئے بھی ڈر لگتا ہے، ہم کیسے پاکستان بنانے اور چلانے والوں کی اولادیں ہیں؟
سربراہ پاک سر زمین پارٹی سید مصطفے کمال کا کہنا تھا کہ لگتا ہے عمران خان کو پتہ نہیں کہ وہ وزیراعظم ہیں جو جلسے کرتے پھر رہے ہیں، عوام مہنگائی میں پس رہے ہیں کسی کو پرواہ نہیں ہے۔