کراچی:وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کراچی کے عباسی شہید اسپتال کا دورہ کیا اور طبی عملے کو کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی سامان کی تازہ کھیپ حوالے کی۔
وزیر بلدیات سندھ نے دورے کے موقع پرکورونا کیخلاف برسر پیکار ڈاکٹروں، طبی عملے اور تمام پیرا میڈیکل اسٹاف کی خدمات کو سراہا اور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے خلاف جدوجہد میں آپ ہمارے فرنٹ لائن سپاہی ہیں۔ناصر حسین شاہ نے اسپتال کے مختلف شعبہ جات اور وارڈوں کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
دورے کے موقع پر ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی مہلک وبا کے خلاف مربوط حکمت عملی کی بدولت روز بروز کارونا سے چھٹکارا پاکر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور عالمی سطح پر ہمارے اقدامات کی بے شمار پذیرائی ہورہی ہے۔
وزیر بلدیات کے مطابق ملک کی موجودہ صورت حال کسی بھی طرح کی محاذ آرائی یا مخاصمت کی محتمل نہیں ہوسکتی،لہٰذا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر حکومت سندھ تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر کارونا کے خلاف جنگ میں وفاقی حکومت سے مکمل تعاون کررہی ہے۔
سیدناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی انتھک محنت کا ثمر صوبے سے کورونا کے مکمل خاتمے کی صورت میں نمودار ہوگا۔دورے کے موقع پر سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے وزیر بلدیات کو بریفنگ میں بتایا کہ تمام طبی عملے اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے لئے حفاظتی تدابیر کے ساتھ فرائض کی انجام دہی یقینی بنادی گئی ہے۔
تمام مریضوں کے لئے حکومت سندھ کی وضع کردہ گائیڈ لائن کے تحت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کورونا سے متاثر مریضوں کے لئے قرنطینہ مقامات کے حوالے سے مزید جگہوں کا انتظام کرلیا گیاہے جہاں تمام تر حفاظتی اقدامات کی فراہمی کے ساتھ بہترین طبی ماحول فراہم کیا جارہاہے۔