لاہور:مسلم لیگ ن کی رہنماء مریم اورنگزیب نے 2021 کو حکومت سے نجات کا سال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیوقوف بنانے کا دھندہ اب نہیں چلے گا،عوام کو حکومت سے صرف نجات چاہئے۔
مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب جس کے تیاری نہ ہو ، عقل بھی نہ ہو ، نااہل اور جھوٹا ہو وہ کسی بھی مرحلے میں عوام کو کچھ نہیں دے سکتا۔
مریم اورنگزیب نے 2021 کو حکومت سے نجات کا سال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2020 آٹا، چینی، بجلی، گیس چوری کا سال تھا، 2020 میں نوکریاں اور ریلیف دینے کا وعدہ بھی جھوٹ نکلا، عمران صاحب عوام اپنی بچی کھچی آٹا چینی دوائی آپ کی ”صداقت وامانت “ سے بچا رہی ہے، انہیں آپ سے صرف نجات چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکری کے حساب سے اب تک پچاس لاکھ لوگوں کو نوکریاں مل جانی چاہئیں تھیں؟ عمران صاحب جھوٹ پر توبہ کے بجائے مزید جھوٹ بول رہے ہیں ،عمران صاحب عوام سے جھوٹ نہ بولیں، بیوقوف بنانے کا دھندہ اب نہیں چلے گا۔