واشنگٹن: امریکا کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر کی تعیناتی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے جبکہ ہم پاکستان سے دہشت گردی کے خلاف تعاون کی امید رکھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی محکمۂ خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی اندرونی معاملہ ہے جبکہ ہم خطے کے استحکام کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔
بیان میں کالعدم ٹی ٹی پی کے متعلق امریکی محکمۂ خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا طالبان جیسے خطرات سے نمٹنے کا مشترکہ مفاد رکھتے ہیں۔ انسدادِ دہشت گردی کیلئے پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے خواہاں ہیں۔
امریکی محکمۂ خارجہ نے کہا کہ ہر قسم کی دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی کاوشوں کے حامی ہیں۔ گزشتہ 20 سال میں پاکستان دہشت گردی سے بری طرح متاثر ہوا۔ پاکستان سے دہشتگردی کے خلاف تعاون اور کوششوں کیلئے پر امید ہیں۔
روس سے تیل کی خریداری پر امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تیل کی ضروریات سمجھی جاسکتی ہیں۔ ہر ملک اپنے حالات اور تیل کی ضروریات کے مطابق فیصلہ کرے۔ ہم نے روس پر تیل برآمد کرنے کیلئے پابندیاں نہیں لگائیں۔
خیال رہے کہ روس یوکرین جنگ کے باعث روس پر متعدد پابندیاں عائد کی گئیں جس سے عالمی معیشت کو کساد بازاری کا سامنا ہے۔ امریکی محکمۂ خارجہ نے کہا کہ ہم اتحادیوں سے مل کر مہنگے تیل کے اثرات سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








