لاہور :پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ کرکٹ کھیلوں گا، پرفارمنس دوں گا اور قومی کرکٹ ٹیم میں کم بیک کروں گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ پی ایس ایل کے باقی میچز کا انعقاد بہت ضروری ہے، پی ایس ایل میں فارم واپس لاکر قومی ٹیم میں کم بیک کرنا ہے۔
وہاب ریاض نے کہا کہ فٹنس پر دھیان دے رہا ہوں، پی ایس ایل کے شروع ہونے کا منتظر ہوں، ماضی میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرچکا ہوں، اْمید ہے اسے بھی دیکھا جائے گا۔
اْنہوں نے کہا کہ پی ایس ایل نہیں ہوتا تو دورہ انگلینڈ کیلئے ماضی کی کارکردگی کو دیکھا جائیگا جبکہ سلیکٹرزاورٹیم مینجمنٹ کو ہماری صلاحیتیوں کا بخوبی علم ہے۔قومی کرکٹر نے کہا کہ سلیکٹرز اور مینجمنٹ کو فیصلہ کرنا ہے کہ اْنہیں ہماری ضرورت ہے یا نہیں۔
وہاب ریاض نے کہا کہ ایک دو میچ اچھے نہیں گئے یا ڈراپ ہوگیا تو اس کا مطلب یہ نہیں آتا کچھ نہیں، اِن اور آؤٹ میرے کیرئیر میں بہت بار ہوچکا ہے، یہ زندگی کاحصہ ہے۔
اْنہوں نے کہا کہ میرے پاس بہت مواقع ہیں، لیگز کے کنٹریکٹس بھی سائن کرچکا ہوں لیکن پہلی ترجیح پاکستان کے لیے کھیلنا ہے، ورلڈکپ کھیلنے میں کامیاب ہوں گا۔