اسلام آباد: تھانہ رمنا کے علاقہ ڈھوک کشمیریاں سیکٹر جی 12 میرا بادی سے پانچویں جماعت کے طالب علم 12 سالہ بچے کو اغواء کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ کو چوبیس گھنٹے گزرنے کے باوجود پولیس تھانہ رمنا نے تاحال مقدمہ تک درج نہیں کیا۔ واقعہ 26 جولائی 2021ء کو دن چار بجے اس وقت پیش آیا جب بارہ سالہ سلیمان گھر سے باہر کھیلنے کے لئے نکلا اور لاپتہ ہوگیا۔
چارسدہ سے تعلق رکھنے والے بچے کے والد اسد جان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں کریم پر گاڑی چلاکر مزدوری کرتا ہوں۔ 26 جولائی کو دن چار بجے میرا بڑا بیٹا 12 سالہ سلیمان گھر سے باہر نکلا اور پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا۔
سلیمان کے والد کا کہنا ہے کہ مجھے شبہ ہے کہ میرے بیٹے کو اغواء کرلیا گیا ہے۔ میں نے دو مرتبہ متعلقہ تھانہ رمنا جاکر پولیس کو واقعہ سے آگاہ کیا اور دونوں بار تحریری درخواستیں بھی دیں۔ لیکن اس کے باوجود پولیس نے ابھی تک کوئی قانونی کارروائی نہیں کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کورونا کا پھیلاؤ، سول اسپتال کراچی کی اوپی ڈیز بند کرنے کا فیصلہ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








