کراچی:پاکستان تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خرم شیرزمان نے نوابشاہ میں زرداری قبیلے کی بھند برادری کے افراد اور ایس ایچ او پر فائرنگ سے ہلاکتوں کے واقعے کی مزمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ آصف زرداری اور ان کے لوگوں کواب مذمت کی نہیں مرمت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھند برادری اپنی زمینوں کیلئے احتجاج کررہی ہے زرداری کے اثاثوں کیلئے نہیں،پی پی کی ہر زمین دیکھ کر رال ٹپکتی ہے سندھ کے متعدد گوٹھوں پر پی پی کے لوگوں نے قبضے کیے اور گوٹھ کے گوٹھ اجاڑدیئے ہیں۔
پیپلرزپارٹی زمین کے اصل حقداروں کے دلوں میں موت کا خوف بیٹھا رہی ہے،سندھ میں پی پی کیخلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دبا دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی پی زمینوں پر قبضے کرکے اپنا پیٹ بھرنا چاہتی ہے۔
خرم شیرزمان نے کہا کہ معصوم سندھ کے باسیوں کے اباؤاجداد کی زمینوں پر قبضے نہیں ہونے دیں گے،واقعے کی شفاف انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں اعلیٰ عدلیہ سے متاثرہ خاندانوں کیلئے انصاف کی اپیل کرتے ہیں۔
علاوہ ازیں خرم شیرزما نے اپنے ٹوئیٹر پر جاری کردہ بیان میں لکھا کہ پاکستانی قوم پی ڈی ایم کو کرپٹ اور بددیانتی کی وجہ سے جانتی ہے جن کی کرپشن کے چرچے دنیا میں مشہور ہوں وہ مومن نہیں بن سکتے۔
انہوں نے کہا کہ مکس اچار پارٹی میں جلد پھوٹ پڑجائے گی یہ ایک دوسرے پر اعتماد نہیں کرتے تو عمران خان کیخلاف عدم اعتماد کیا لائیں گے۔ آل پاکستان لوٹ مار اینڈ کرپشن ایسوسی ایشن سے حکومت کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں۔