راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں، ہمدردوں کے درمیان رابطوں کو توڑنا دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے ناگزیر ہے۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے علاقے پنجگور کا دورہ کیا اور دہشت گردوں کے حملے پسپا کرنے والے فوجی جوانوں کے ساتھ سارا دن گزارا۔
سپہ سالا رکو مقامی کمانڈر نے پنجگور پہنچنے پر علاقے میں سیکیورٹی کی صورتحال تفصیلی بریف کیا، جس پر آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف فوج کی پیشہ وارانہ مہارت اور مؤثر ردعمل کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بنانے کی یاد دہانی کرائی اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔
آرمی چیف نے مادر وطن کے دفاع کے لیے فرض شناسی میں عظیم قربانیاں دینے پر شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔
بعد ازاں آرمی چیف کی پنجگور کے معززین اور قبائلی عمائدین کے ساتھ ملاقات ہوئی، جس میں مقامی رہنماؤں نے دہشت گردی کی لعنت سے لڑنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔
سپہ سالار نے عمائدین کو علاقے کی خوشحالی اور ترقی کے لیے ماحول پیدا کرنے کے لیے فوج کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور علاقے میں جاری سماجی اقتصادی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم نے شہریوں کی 2 لاکھ اڑتیس ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیدیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








