اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک قابل اعتماد دوست اور شراکت دار کی حیثیت سے سری لنکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے یہ بات سری لنکن بحریہ کے کمانڈر وائس ایڈمرل نشانتھا اولوگیٹن سے کہی جنہوں نے وزیر اعظم سے آج ملاقات کی۔وزیر اعظم نے فروری 2021 میں اپنے سری لنکا کے دورے کو یاد کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات اور تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو جامع طور پر اپ گریڈ کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔
سری لنکا کے وائس ایڈمرل نشانتھا اولوگیٹن نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون پر مبنی تعلقات پر زور دیا اور بین الاقوامی وعلاقائی فورمز پرحمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مشترکہ اہداف کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اور دفاعی تعاون پاکستان سری لنکا تعلقات کا کلیدی جزو اور خطے میں امن و استحکام کا عنصر رہا ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ وہ سری لنکن قیادت کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔
دوسری جانب سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سری لنکا کے ساتھ مختلف شعبوں میں طویل المدتی تعلقات چاہتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سری لنکن نیوی کمانڈر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی اور افغان صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ سری لنکا کے ساتھ دور رس تعلقات کے خواہاں ہیں، سری لنکا کے ساتھ مختلف شعبوں میں طویل المدتی تعلقات چاہتے ہیں، علاقائی ممالک کو پائیدار امن و استحکام کیلئے مل کر کام کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: اسد عمر نے آئندہ مردم شماری میں فوج کے براہ راست کردار کو مسترد کردیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








