راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے ماڑی خیل میں جمعرات کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پرآپریشن کیا، اس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بھاری تعداد میں اسلحہ،ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے علاقے میں اسلحہ اور گولہ بارود کے ذخیرے کی موجودگی کی اطلاع پر آئی بی او کی کارروائی کی، تلاشی کے دوران برآمد ہونے والے ہتھیاروں اور گولہ بارود میں سب مشین گنز، لائٹ مشین گنز شامل ہیں جبکہ راکٹ پروپلڈ گرنیڈ، سیکڑوں راکٹ، دستی بم اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔
آئی ایس پی آر نے اس آپریشن سے متعلق مزید بتایا کہ علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور علاقے سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 20 فروری کو دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
برآمد ہونے والے ہتھیاروں میں سب مشین گنز، ہینڈ گرینز اور کثیر تعداد میں کیلیبر راؤنڈز شامل تھیں۔ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے۔