لاہور: پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل بعض پاکستانی کرکٹرز کے فٹنس مسائل نے ٹیم کی مینیجمنٹ کو پریشان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ شروع ہونے میں چند دن ہی رہ گئے ہیں لیکن کھلاڑیوں کو درپیش فٹنس مسائل نے ٹیم مینیجمنٹ کو پریشانی سے دوچار کردیا ہے، پی ایس ایل کا سیزن 7 اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے، جس کے دوران پاکستان ٹیم کے کئی اہم کھلاڑی انجرڈ ہوگئے ہیں۔
پاکستان ٹیم کے اہم کھلاڑی محمد نواز پہلے ہی انجرڈ ہو کر ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو چکے ہیں جب کہ حسن علی اور فہیم اشرف بھی اہم ٹیسٹ سیریز سے قبل پی ایس ایل میں فٹنس مسائل کا شکار ہوچکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن علی اور فہیم اشرف کی فٹنس نے پاک آسٹریلیا سیریز سے قبل ٹیم مینجمنٹ کو پریشان کردیا ہے۔
مزید برآں ٹیم منیجمنٹ کا کہناہے کہ کرکٹرز کی پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت خدشات کا شکار ہے، میچ سے قبل اس حوالے سے مکمل جائزہ لیا جائے گا۔ کرکٹرز کی فٹنس میں اگر اگلے دو تین روز میں بہتری نہ آئی تو وہ سیریز سے بھی باہر ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 4 مارچ سے 8 مارچ تک راولپنڈی، دوسرا 12 سے 16 مارچ تک کراچی اور تیسرا ٹیسٹ 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔