ریاض: سعودی عرب حکومت کی جانب سے ایک اہم فیصلہ سامنے آیا ہے جس کے مطابق مساجد سے نماز کی براہ راست نشریات پر پابندی اور اذان کے لیے لاؤڈ اسپیکر کی آواز مدھم رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسلامی امور کی وزارت کی جانب سے مساجد کو رمضان کی تناظر میں ہدایات جاری کی گئی ہیں جس کے تحت مساجد میں آؤٹ ڈور لاؤڈ اسپیکر کا استعمال صرف اذان اور اقامت کے لیے کیا جا سکے گا۔
فیصلے کے مطابق یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ لاؤڈ اسپیکر پر اذان کے لیے ایمپلی فائر کا والیوم ایک تہائی سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔ اسی طرح نماز کے دوران اماموں اور نمازیوں کی فلم بنانے کے لیے مساجد میں کیمروں کے استعمال پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔
افطار پارٹیوں کا انعقاد کرنے والے پرائیویٹ گروپس اور افراد کو بھی میونسپلٹی کی طرف سے لائسنس یافتہ دکانوں سے کھانا خریدنے، اصراف سے بچنے اور فضول خرچی سے گریز کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ مساجد انتظامیہ کو افطار کرانے کے لیے پہلے منظوری لینا لازمی ہے۔ اسی طرح غیر سرکاری تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مساجد میں نمازیوں کو افطار کرانے کے لیے مساجد کے اماموں سے رجوع کریں۔
مزید پڑھیں: طالبان نے محرم کے بغیر خواتین کے فضائی سفر پر پابندی عائد کردی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








