لاہور:پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کے بعد پنجاب میں بھی اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروادی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے پنجاب حکومت گرانے کیلئے نمبرز پورے کرنے کے بعد عثمان بزدار کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی ہے۔
عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد رانا مشہود نے جمع کرائی،تحریک عدم اعتماد پر ن لیگ کے 122 اور پیپلزپارٹی کے 6 اراکین کے دستخط ہیں۔
یاد رہے کہ اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا جس میں اپوزیشن اراکین کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پیش کی جائے گی۔
اسپیکر اسد قیصر آج سہ پہر 4 بجے شروع ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس کے ایجنڈے پر وزیر اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد شامل کر لی گئی ہے جو اجازت ملنے پر ایوان میں پیش کی جائے گی۔
اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی تحریکِ عدم اعتماد پر پہلے ہی 152 اراکین کے دستخط موجود ہیں جس کی کامیابی کیلئے اسمبلی کی کل 342 نشستوں میں سے اپوزیشن کو 172اراکین کی سادہ اکثریت درکار ہے۔