کولمبو: جنوبی ایشیاء کے خوبصورت مگر بد ترین معاشی بحران کا شکار ملک سری لنکا میں عوام کا پرتشدد احتجاج جاری ہے۔ مظاہرین نے وزیر اعظم اور اراکینِ پارلیمنٹ کے گھر جلا دئیے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں معاشی بحران سے جنم لینے والے پر تشدد مظاہروں کے دوران 5 افراد ہلاک ہوئے۔ مشتعل افراد نے مستعفی وزیر اعظم مہندرا راجا پاکسا کا آبائی گھر جلا دیا۔
یہ بھی پڑھیں:
معاشی بحران کے باعث سری لنکا کے وزیر اعظم مستعفی
دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرین نے اراکینِ پارلیمنٹ کے گھروں کو آگ لگا دی۔ سڑکوں پر سیاسی کارکنان آپس میں گتھم گتھا ہو گئے۔سری لنکن شہریوں کو بد ترین معاشی بحران کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کے وزیر اعظم نے استعفیٰ دے دیا، دارالحکومت کولمبو میں حکومت کے حامی اور مخالف مظاہرین کے درمیان جھڑپیں اور بد ترین معاشی بحران کے سبب وزیر اعظم مہندا راجا پاکسا مستعفی ہوئے۔
گزشتہ کچھ روز سے جاری احتجاج کے دوران مظاہرین نے مطالبہ کیا تھا کہ صدر گوٹابایا راجا پاکسا اور ان کے بڑے بھائی وزیر اعظم مہندا راجا پاکسا معیشت کو غلط طریقے سے سنبھالنے پر مستعفی ہو جائیں۔
وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ 76 سالہ تجربہ کار سیاستدان نے استعفیٰ دیا۔ وزیر اعظم مہندا راجہ پاکسا نے اپنا استعفیٰ صدر گوٹابایا راجا پاکسا کو ارسال کردیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








