اسلام آباد: وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے منگل کو تصدیق کی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا وفد وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پارٹی کے قائد نواز شریف سے ملاقات کے لیے لندن جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان نواز شریف سے ملاقات کے لیے نجی دورے پر لندن جارہے ہیں، اس مقصد کے لیے وزیراعظم شہباز شریف بھی لندن جائیں گے۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی جو پہلے ہی لندن میں موجود ہیں کی جانب سے اس دورے کی تصدیق کی گئی ہے۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے نواز شریف سے مشاورتی اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کو کچھ اہم معاملات پر پارٹی قیادت سے مشاورت کرنی ہے جس پر انہیں تحفظات ہیں اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ”بڑا فیصلہ“ متوقع ہے، اسی وجہ سے انہوں نے آن لائن میٹنگ کی تجویز کو مسترد کردیا۔
پارٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملاقات میں نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:عون چوہدری وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاحت و کھیل تعینات
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








