جہلم:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اب 20 نہیں،25 لاکھ افراد اسلام آباد پہنچیں گے، بھارت کو پتا ہے فوج اور میرے ہوتے ہوئے کوئی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ہماری جماعت چاروں صوبوں کی جماعت ہے، پاک فوج اور تحریک انصاف پاکستان کو متحد رکھ رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے جہلم میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساری قوم نے آزادی کی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، کبھی اتنے بڑے جلسے نہیں دیکھے، جہلم میں ایسا جلسہ پہلے نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کا جذبہ دیکھ کر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جلسے میں پارٹی جھنڈے سے زیادہ پاکستان کا جھنڈا لے کر آئیں، بہت کم ایسے ہوتا ہے ساری قوم اکٹھی ہوجائے۔
عمران خان نے کہا کہ 30 سال سے ملک لوٹنے والے بڑے ڈاکوؤں کو مسلط کیا گیا، اللہ نے کرم کیا قوم کو بیدار کر دیا، پاکستان کلمے کی بنیاد پر بنا تھا اللہ نے قوم کی خودداری کو جگا دیا، اللہ کا جتنا بھی شکرادا کریں کم ہے، ہماری خودداری کو کرپٹ، غدارلیڈروں نے ختم کر دیا تھا، ان میں خود غیرت نہیں تھی انہوں نے قوم کی غیرت کو بھی نقصان پہنچایا۔
عمران خان نے کہا کہ اللہ نے ہم پرخاص کرم کیا ہے، ایک پلان انسان، دوسرا اللہ بناتا ہے، امریکی انڈرسیکرٹری ڈونلڈ لو ہمارے سفیر کو تکبرمیں بلا کرحکم دیتا ہے، سفیر کو تکبرانہ اندازمیں کہا گیا اگرعمران خان کو نہ ہٹایا تو بڑا مشکل وقت آئے گا، مجھے ہٹا کرچیری بلاسم کولے آئے تو سب کچھ معاف کر دیا جائے گا، میر جعفر، میر صادق سازش میں ملوث تھے۔
سزایافتہ، جھوٹ بول کر بھاگنے والے نے ساری کابینہ کو لندن بلالیا ہے، یہ سارے عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے لندن جارہے ہیں، لندن جا کر مفرور، سزا یافتہ، بزدل کو ملیں گے، بزدل، مفرور سے جا کر ہدایات لیں گے یہ ملک کی توہین ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوروں کی کابینہ بنی ہے 60 فیصد ضمانت پر ہے، کسی نے 18 قتل کیے ہیں، شریف خاندان نے 40 ارب کی چوری کا حساب دینا ہے، زرداری نے ایان علی کے فیک اکاؤنٹس کا حساب دینا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ سارے چوروں کی بندر بانٹ ہو رہی ہے، میں نے سوچا تھا فضل الرحمان کوئی ایجوکیشن کی منسٹری سنبھالیں گے، فضل الرحمان نے این ایچ اے کی منسٹری پیسہ بنانے کے لیے سنبھالی۔
مزید پڑھیں:صدر مملکت کا غیر ملکی سازش کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








