وزیر اعظم کا موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے ٹاسک فورس قائم کرنیکا فیصلہ

تازہ ترین

تازہ ترین

وزیر اعظم کا موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے ٹاسک فورس قائم کرنیکا فیصلہ
وزیر اعظم کا موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے ٹاسک فورس قائم کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد: وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو مستقبل میں ماحولیاتی تغیرات سے ہونے والے نقصانات سے بچاؤ پر اقدامات اٹھائے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ماہرین پر مشتمل ٹاسک فورس بنائی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

پاکستان کو پانی کی کمی کے باعث خشک سالی کا خدشہ ہے۔شیری رحمان

ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ٹاسک فورس ششپر گلیشیئر جیسے واقعات سے مستقبل میں بچاؤ، غذائی اور پانی کی قلت سے بچنے کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں پر قائم کی جانےوالی ٹاسک فورس پانی کو بچانے اور موجودہ آبی ذخائر کی حفاظت اور جنگلات کے تحفظ کیلئے جامع حکمتِ عملی اور اقدامات اٹھائے گی۔ 

ماحولیاتی تغیرات کے متعلق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے دوچار ہونے والے ممالک میں پانچویں نمبر پر ہے۔ پانی کی کمی کے خدشے کا براہِ راست اثر ملک کی زراعت پر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت موسمیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔ پانی کے بچاؤ اور اس کے ضیاع کو روکنے کیلئے ہم سب کو اپنا انفرادی کردار بھی ادا کرنا ہوگا۔ 

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیرِ موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پانی کی کمی کے باعث خشک سالی کا خدشہ ہے جبکہ ماحولیاتی تبدیلی پاکستان کیلئے قومی خطرات میں شامل ہوگئی ہے۔

گزشتہ روز خبر رساں ادارے (اے پی پی) سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کا سامنا ہے۔ معمول سے زیادہ سیلاب اور ہیٹ ویو کی یہی وجوہات ہیں۔

Related Posts