پاکستان میں گزشتہ کچھ عرصے میں ایسی ویب سائٹس کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جہاں پر ڈیٹنگ کی جاتی ہے۔ ان ویب سائٹس کو زیادہ تر نوجوان اپنے لئے شریک حیات تلاش کرنے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔
پاکستان جیسے ملک میں جہاں پر آج بھی پسند کی شادی کرنے کو بُرا سمجھا جاتا ہو وہاں پر ایسی ویب سائٹس کو اچھی نگاہ سے نہیں دیکھا جاتا یہی وجہ ہے کہ نوجوانوں کیلئے ایسی ویب سائٹس کو استعمال کرنا کافی مشکل ہوتا ہے۔
مسلمان عام طور پر ایسی ویب سائٹ کے ذریعے سے شریک حیات تلاش کرنے کو بُرا سمجھتے ہیں۔ حال ہی میں ان ویب سائٹس کی تعداد میں مَز کی صورت میں ایک نیا اضافہ ہوا، مَز ایک ڈیٹنگ ویب سائٹ ہے جہاں پر آپ اپنے لئے شریک حیات تلاش کرسکتے ہیں۔
مَز کیا ہے؟
مَز ایک ڈیٹنگ ویب سائٹ ہے جہاں پر نوجوان اپنے لئے شریک حیات تلاش کرتے ہیں، یہاں پر 6 لاکھ تک افراد ہیں جو کہ اس ویب سائٹ کو استعمال کرتے ہیں۔
کیا یہاں پر شادیاں ہوتی ہیں؟
تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں 200،000 سے زائد مسلمان اس ویب سائٹ کے ذریعے سے شادی کرچکے ہیں اور روزانہ اس ویب سائٹ کی مدد سے 300 نئی جوڑیاں بنتی ہیں۔
پاکستان اور مَز
مَز کی مدد سے پاکستانی نوجوان اپنے لئے شریک حیات تلاش کرتے ہیں، وہ شادی سے پہلے اُس کے ساتھ مستقبل کی منصوبہ بندی بھی کرتے ہیں۔
فیچر
ڈیٹنگ ویب سائٹ مَز میں بہترین فیچر دیے گئے ہیں، جن کی مدد سے آپ اپنے لئے بہترین شریک حیات تلاش کرسکتے ہیں، آپ عمر، ذات، مقام، مذہبی عقائد اور دیگر خوبیوں کو منتخب کرتے ہیں۔
آپ کی منتخب کردہ خوبیوں کو دیکھتے ہوئے مَز آپ کیلئے شریک حیات تجویز کرتا ہے۔
جماعت اسلامی اور مَز
واضح رہے کہ ملک میں مذہبی عقائد کو اُجاگر کرنے والی پارٹی جماعت اسلامی نے اس ڈیٹنگ ویب سائٹ کی پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔ جماعت اسلامی کا یہ مؤقف ہے کہ یہ ویب سائٹ معاشرے میں بے راہ روی پھیلانے کا ذریعہ بن رہی ہے۔
سندھ میں موجود جماعت اسلامی کے ترجمان نے کہا کہ وہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کراچی اور دیگر شہروں سے اس کے بل بورڈز ہٹائے جائیں، یہ ایک اسلامی ملک ہے اس لئے اس قسم کی ویب سائٹ پر فوری پابندی عائد کرنی چاہیے۔
کیا مَز پر پابندی لگانا ہی واحد حل ہے؟
پاکستان کا ماضی اُٹھا کر دیکھیں تو ماضی میں بھی کئی ایسی ویب سائٹس تھیں جن کو معاشرے میں بے راہ روی پھیلانے کی وجہ سے پابندی لگا کر بند کردیا گیا تھا۔
بعض لوگوں کا اس ویب سائٹ کے متعلق ماننا ہے کہ یہ ویب سائٹ نوجوانوں میں زنا اور انتشار پھیلانے کا ذریعہ ہے جبکہ کچھ لوگ ایسا سمجھتے ہیں کہ دیگر ڈیٹنگ ویب سائٹ کی طرح مَز قدرے بہتر ہے اور کافی اسلامی بھی ہے اور اُن کے مطابق بل بورڈز پر لگے مَز کے اشتہارات میں کسی قسم کی کوئی بے ہودگی نہیں ہے۔