بھارتی ایئر چیف وی آر چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین سے خطرہ ہے اور ضرورت پڑنے پر دونوں کو مختصر وقت کے اندر جواب دیں گے۔
اتوار کو بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ ہندوستان کو چین اور پاکستان کی سرحدوں پر موجود حالات کو دو محاذوں کے طور پر دیکھنا چاہئے اور اس کے مطابق تیاری کرنی چاہئے۔
وی آر چوہدری نے کہا مستقبل میں ہندوستان پر سبھی محاذوں سے حملہ ہوسکتا ہے، ایسی صورتحال میں ہندوستان کی صلاحیتوں کو ان خدشات کا مقابلہ کرنے کے قابل ہونا چاہئے، انہوں نے یہ بات چین اور پاکستان کے دوہرے فوجی خطرے کا حوالہ دیتے ہوئے کہی۔
بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے کہا عالمی پیشرفت اور جغرافیائی سیاسی پیشرفت سے ہندوستان اور چین کے تعلقات پر پڑنے والے اثرات کا لگاتار تجزیہ کیا جارہا ہے، ہمیں اپنے موجودہ اور مستقبل کے خطرات کی صحیح طریقے سے شناخت کرنے کی ضرورت ہے۔