سینئر کالم نگار ایاز امیر کو نجی چینل دنیا نیوز کے باہر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ نامعلوم افراد نے ان کو تھپڑ مارے اور موبائل فون بھی چھین لیا۔
خیال رہے کہ ایاز امیر نے گذشتہ روز ایک تقریب میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔دنیا نیوز سے وابستہ سینئر صحافی طارق حبیب نے اپنی ٹویٹ میں بتایا ہے کہ دنیا ٹی وی پر پروگرام ختم کرنے کے واپسی پر سینئر تجزیہ کار ایاز امیر صاحب پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا۔انہوں نے لکھا کہ ایاز امیر صاحب اور ان کے ڈرائیور کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ایاز امیر صاحب نے بتایا کہ دفتر سے نکلتے ہی ایک کار نے ہماری گاڑی بلاک کی اور 6 افراد نے تشدد کیا۔
خیال رہے کہ ایاز امیر نے گذشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ خان صاحب! آپ کے ذہن میں راوی ریور اربن سٹی جیسی جو خباثتیں تھیں اس سے نکلیں، آپ کو لات پڑی ہے تو اب چی گویرا بن رہے ہیں۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں جس میں عمران خان بھی موجود تھے، ایاز امیر نے کہا کہ پراپرٹی ڈیلروں سے نکلو، پاکستان کی زمین کم پڑ جائے گی، ڈی ایچ ایز کی خواہش پوری نہیں ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ اس سارے کھلواڑ میں ایک ہی اچھی چیز ہوئی ہے اور وہ یہ ہے کہ جو عمران خان کیخلاف کوشش ہوئی تھی اس سے پہلے آپ نے پاکستان کو پراپرٹی ڈیلروں کے حوالے کر دیا تھا۔