دنیا بھر میں بیشتر افراد ویب براؤزنگ کیلئے گوگل سرچ انجن پر انحصار کرتے ہیں، جس کی وجہ سے امریکی کمپنی اپنے صارفین کے ساتھ ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے اپنے سرچ انجن کو بہتر کرنے کی کوشش کرتی رہتی ہے، تاکہ گوگل کا استعمال کرنے والے صارفین کی ادارے کے ساتھ وابستگی کو برقرار رکھا جائے۔
انٹرنیٹ صارفین کی اکثریت بعض اوقات اس بات سے پریشان نظر آتی ہے کہ ہم اپنے پاس ورڈز کو کیسے یاد رکھیں، اکثر صارفین اپنے سوشل میڈیا اور ای میل اکاؤنٹس سمیت دیگر اکاؤنٹس کے پاس ورڈ یاد رکھنے میں دقت محسوس کرتے ہیں اور بعض اوقات بھول ہی جاتے ہیں۔
انٹرنیٹ صارفین کی اِسی مشکل کو دیکھتے ہوئے گوگل کی جانب سے اب کروم براؤزر اور اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کے لیے پاس ورڈ منیجر کو اپ ڈیٹ کردیا گیا ہے ۔
گوگل نے ایسا اس لیے کیا ہے تاکہ وہ ایپس اور ڈیوائسز میں یکساں انداز سے کام کرسکے جس سے صارفین کو پاس ورڈز یاد رکھنے میں مشکلات نہیں پیش آئیں گی۔
ایسا امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ صارفین کو بہت جلد کروم یا اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر پاس ورڈ منیجر کے حوالے سے نیا یونیفائیڈ تجربہ فراہم کیا جائے گا، جس کی مدد سے سائٹس یا ایپس کے پاس ورڈز خودکار طور پر اکٹھے ہوجائیں گے۔