ویڈیوز شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے لائیو اسٹریمز دیکھنے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پابندی فی الحال کچھ مخصوص صارفین کے لیے متعارف کروائی گئی ہے، لیکن جلد ہی یہ پابندی تمام 18 سال سے کم عمر صارفین پر عائد کر دی جائے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس پابندی کا اصل مقصد بچوں کو غیر ضروری اور غیر معیاری مواد سے دور رکھنا ہے جبکہ ٹک ٹاک نوجوانوں اور بوڑھوں کو ان کی عمر اور ضرورت کے مطابق مناسب مواد فراہم کرنا چاہتا ہے۔
ٹک ٹاک کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہم ایسا نظام ترتیب دینا چاہتے ہیں جس کے ذریعے مخصوص قسم کے مواد کی شناخت اور اس تک رسائی کو بالغ افراد تک محدود کر سکیں تاکہ مواد تخلیق کرنے والوں کو ان کے مطلوبہ شائقین باآسانی میسر آسکیں۔