وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ٹیلی فون کیا اور انہیں عید الاضحی کی مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عید کے موقع پر سیاسی رنجشیں فراموش کردیں۔ شہباز شریف نے صدر مملکت کو ٹیلی فون کرکے عید کی مبارکباد دی اور اُن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے عید الاضحی کے مبارک موقع پر صدر مملکت کو مبارکباد دی۔
صدر مملکت نے بھی وزیراعظم کو عید پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماوں نے ایک دوسرے کے ساتھ خیرسگالی جذبات کا اظہار کیا۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ پر مشکلات کے شکار بھائیوں بہنوں کی مدد کی جائے۔
وزیراعظم نے پاکستانیوں سمیت تمام امت مسلمہ کو عیدالاضحٰی کی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یتیموں، بیواوں اور ناداروں کی مدد کرکے ہم اس عظیم دن کا حق ادا کر سکتے ہیں۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھی عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قربانی اور ایثار کا جذبہ عالمگیر اور آفاقی تاثیر کا حامل ہے، دنیا کی کوئی قوم ایثار اور قربانی کے جذبے کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی۔ اُنہوں نے کہا کہ قربانی کا اصل مقصد اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے نفسانی خواہشات کی قربانی ہے۔