معروف کینیڈین یوٹیوبر زید علی نے سوشل میڈیا پوسٹ کے زریعے مداحوں کو یہ خبر دی ہے کہ وہ خوفناک حادثے کا شکار ہوئے ہیں۔
حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر زید علی نے کہا کہ گزشتہ کچھ دن میری زندگی کے مشکل ترین دنوں میں سے تھے، حال ہی میں مجھے ایک خوفناک حادثے کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں میرے سر پر چوٹ لگی جو انتہائی خطرناک ثابت ہوئی، جب میں بے ہوشی سے اٹھا تو مجھے بتایا گیا کہ آپ خوش قسمت ہیں کہ آپ کے سر کے اندرونی حصے میں خون نہیں بہا ‘۔
زید علی کا کہنا تھا کہ میرا سر فی الحال خراب ہے اور سوجن بھی ہے، مجھے کھانے پینے میں مسائل کا سامنا ہے کیونکہ مسلسل الٹیاں ہورہی ہیں، مجھے یاد ہے شروع میں جب یہ حادثہ پیش آیا تو مجھے اس قدر تکلیف تھی کہ اللہ سے میں دعا کررہا تھا کہ مجھ سے چاہے ہر چیز لے لے لیکن یہ درد ٹھیک کردے۔
یوٹیوبر نے کہا کہ اب کچھ دن بعد مجھے احساس ہورہا ہے کہ صحت بہت بڑی نعمت ہے جسے ہم نظر انداز کررہے ہوتے ہیں، اگر آپ صحت مند ہیں تو آپ کے پاس دنیا کی ہر چیز موجود ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کے مطابق میں 7 سے 8 دنوں میں اپنی زندگی معمول کے مطابق شروع کرسکتا ہوں لیکن مجھے مکمل ٹھیک ہونے میں مہینے لگیں گے‘۔
اپنی پوسٹ کے اختتام میں زید علی نے دنیا بھر میں موجود اپنے تمام چاہنے والوں سے ان کی صحتیابی کیلئے دعا کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔