لاہور چڑیا گھر کی انتظامیہ کی جانب سے جنگل کے بادشاہ شیر کو گائے بھینسوں سے بھی سستا فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے چڑیا گھر میں شیر کی قیمت صرف ڈیڑھ لاکھ روپے ہے جو ایک بھینس کی قیمت سے بھی کم ہے۔ بھینس بھی کم از کم 3 لاکھ اور زیادہ سے زیادہ 7 لاکھ میں فروخت ہوتی ہے جبکہ شیر کو کوڑیوں کے داموں فروخت کیا جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
لاہور چڑیا گھر کی انتظامیہ کی جانب سے یہ قدم چڑیا گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چڑیا گھر میں اضافی شیروں کو رکھنے کی جگہ نہیں ہے، ان شیروں کو نیلامی کے دوران نجی ہاؤسنگ اسکیمز یا جانور پالنے کے شوقین افراد کو بیچا جائے گا۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا جارہا ہے کہ آئندہ ماہ اگست کے پہلے ہفتے میں 12 شیر فروخت کیے جائیں گے جس میں 9 شیر اور 3 شیرنیاں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور کے سفاری چڑیا گھر میں ایک سال میں 10 سے 12 شیروں کی پیدائش ہوتی ہے جبکہ گزشتہ برس 14 شیروں کو فروخت کیا گیا تھا۔