موسم گرما کی چھٹیاں ختم ہوئیں اور سندھ اور پنجاب کے اسکول کھل گئے۔
اسکول کھلتے ہی ننہے بچے کاندھوں پر بستہ اٹھائے اسکول پہنچ گئے۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں 2 ماہ کی گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد آج سرکاری و نجی اسکول کُھل گئے۔ تاہم کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے اسکولوں میں بچوں کی حاضری معمول سے کم رہی۔
کراچی سمیت سندھ بھر کے مختلف اضلاع میں ایسے بھی اسکول ہیں جہاں سے اب تک بارش کے پانی کا نکاس نہیں کیا گیا جس کے باعث طلبہ کا تعلیمی سلسلہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
طویل چھٹیوں کے بعد تعلیمی اداروں کی رونقیں یکم اگست سے دوبارہ بحال ہو گئیں، بچوں کے چہرے کِھل اٹھے۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھر میں بھی موسمِ گرما کی تعطیلات ختم ہونے پر تمام سرکاری تعلیمی ادارے آج کُھل گئے۔
2 ماہ کی طویل چھٹیوں کے بعد بچے اپنے دوستوں اور اساتذہ سے ملنے کے لیے بہت پر جوش نظر آئے۔
اسکول آنے والے طالب علموں کا کہنا ہے کہ وہ اسکول کُھلنے پر بہت خوش ہیں، پڑھائی کریں گے، دوستوں سے بھی ملیں گے۔
واضح رہے پنجاب کے نجی تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا اختتام 15 اگست سے ہو گا۔