اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کا ایک سفارتی وفد خفیہ دورے پر اسرائیل میں موجود ہے، جو رواں ہفتے کے آخر میں اسرائیلی صدر آئزیک ہرزوگ سے ملاقات کرے گا۔
اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کے مطابق پاکستانی وفد کی سربراہی پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر نسیم اشرف کر رہے ہیں، جو 2006 سے 2008 کے درمیان پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔
ڈاکٹر نسیم اشرف سابق وزیر اعظم عمران خان کی حکومت میں نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (NCHD) کے چیئرمین اور چھ سال تک وزیر مملکت رہ چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دورہ اسرائیل کے دوران پاکستانی وفد، جس میں ایک کراچی میں مقیم صحافی بھی شامل ہیں، کو اسرائیل بھر کے دورے کروائے گئے۔
اس سے قبل جون میں پاکستانی صحافی احمد قریشی کو ایک ماہ قبل اسرائیل کا دورہ کرنے پر پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن پر ان کے شو سے نکال دیا گیا تھا۔
سینئیر اینکر پرسن شوکت پراچہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مذکورہ وفد پاکستان سے اسرائیل نہیں گیا اور نہ ہی جاسکتا ہے، کیونکہ پاکستانی پاسپورٹ اس کی اجازت نہیں دیتا۔ یہ ایک غیر سرکاری نجی وفد ہے جو امریکا سے اسرائیل روانہ ہوا۔
تاہم اسرائیلی دعوے کے برعکس وفد میں موجود شرکاء کے حوالے سے کوئی معلومات سامنے نہیں آسکی ہیں۔