کراچی: سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد میں بیہوشی کی دو جدید مشینیں نصب کر دی گئی ہیں۔
ان مشینوں میں وینٹی لیٹرز بھی موجود ہیں جس سے بڑے آپریشن کے دوران مریض کو نہ صرف بیہوش کیا جاسکتا ہے بلکہ وینٹی لیٹر پر بھی ڈالا جاسکتا ہے۔
لیاقت آباد اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد ایوب ببر نے ان مشینوں کو لیاقت آباد کے عوام کے لئے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ان مشینوں سے لیب کولی ، لیپرواسکوپک سرجری اور اوپن کولی جیسے آپریشن کئے جاسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسپتال میں روزانہ ایک درجن آپریشن ہوتے ہیں جن میں زچہ و بچہ، ناک کان وگلہ اور ہڈی وجوڑ کے آپریشن شامل ہیں لیکن بڑے اور پیچیدہ آپریشن والے مریضوں کو مجبوراً جناح اور سول اسپتال ریفر کرنا پڑتا تھا
ڈاکٹر محمد ایوب نے کہا کہ ان اسپتالوں میں مریضوں کے لوڈ کی وجہ سے انہیں لمبی تاریخیں ملتی تھیں جبکہ اسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ مزید بڑھ جاتا ہے، تاہم اب لیاقت آباد اسپتال میں ان مشینوں کے اضافے سے روزانہ دو درجن کے قریب آپریشن ہو سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اینستھیزیا مشین ود وینٹی لیٹر سے لیاقت آباد اسپتال میں اوپن کولی ، لیب کولی، لیپرواسکوپک سرجری جیسے آپریشن شروع کرنے کا ارادہ ہے جس سے لیاقت آباد، کریم آباد، ایف سی ایریا، فیڈرل بی ایریا، سہراب گوٹھ، یوسف پلازہ اور گردو نواح کے عوام مستفید ہو سکیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








