لندن:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان کے دور میں جو ہوا اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا، اُنہوں نے کہا کہ مجھ سے انتقام لیتے لیتے ملک کا بیڑہ غرق کردیا گیا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ظلم کرنے والوں کی ایک ایک چیز عوام کے سامنے آرہی ہے، عمران خان کے دور میں جو ہوا اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا، اہلیہ بیمار تھیں، بات تک نہ کروائی گئی، 3 گھنٹے بعد انتقال کی خبر پہنچا دی گئی، میری زندگی کے پانچ سال ضائع ہوگئے، سوال پوچھنا تو بنتا ہے۔
نواز شریف کا لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میری اہلیہ کی بیماری کا مذاق اڑایا جاتا رہا، مریم بڑے عرصے بھائیوں سے نہیں ملیں، میں نے درخواست کی تھیں کہ فیصلہ تھوڑا دیر سے سنائیں، میری اہلیہ وفات پا گئیں ہیں اب وہ لوگ جواب دیں، مگر نیب کے جج صاحب نے میری درخواست نہیں سنی، انکا خیال تھا کہ نواز شریف ڈر کر وطن واپس نہیں آئے گا، میرے بچے تمام مناظر دیکھ رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ دور میں عوام مطمئن تھے، آئی ایم ایف کے پاس جانے کے بجائے خود کشی کی باتیں کرنے والوں نے گھٹنے ٹیک دیئے، تحریک انصاف حکومت میں ہر چیز مہنگی ہوئی، قومی غیرت پر کبھی کمپرومائز نہیں کیا، امریکا کی جانب سے 5 ارب ڈالر دیئے جارہے تھے، لیکن ہم نے اس وقت ایبسولوٹلی ناٹ کہا، ثابت ہوگیا مقدمہ جھوٹا، سزا بھی غلط تھی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میں کورٹ میں تھا تو مجھے اطلاع ملی کہ آپ کی بیگم کی طبیعت پھر خراب ہو گئی ہے، مجھے ہر پیشی کے بعد جیل میں لے جاتے تھے، میں نے سپرنٹنڈنٹ سے کہا میری بات کروا دیں میری بیگم سے انہوں نے کہا مجھے اجازت نہیں ہے، انہوں نے میری بات نہیں کروائی، 3 گھنٹے بعد میرے پاس آتے ہیں اور مجھے اطلاع دیتے ہیں کہ آپ کی بیگم فوت ہو گئی ہیں۔
میں نے کہا کہ میں خود مریم کو اطلاع دوں گا، میں مریم کے سیل میں گیا اور اس کو یہ بات بتائی تو وہ سکتے میں آگئی، مریم زار و قطار رونے لگ گئی، کسی کو اتنی توفیق نہیں ہوئی کہ وہ کہے کہ آپ اپنی بیگم کے پاس جائیں ان کی تیمار داری کریں لیکن کسی نے نہیں کہا، جب سے مریم آئی ہے میرے اور اپنے بھائیوں کے ساتھ اپنی ماں کی ہی باتیں کر رہی ہے، جو کچھ انہوں نے کیا ہے ایک ایک کر کے عوام کے سامنے آ رہا ہے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج مریم پاکستان سے سرخرو ہو کر آئی ہے، ثابت ہوا مقدمہ جھوٹا تھا، سزا جھوٹی تھی، اگر سب جھوٹا تھا تو اتنی پیشیاں کیوں بھگتیں، پانچ سال زندگی کے ضائع ہو گئے، ان سے میرا سوال پوچھنا بنتا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف نے کہا کہ مریم نواز مجھے ملنے آتی تھی جیل میں، اطلاع آئی ہے کہ مریم کو نیب گرفتار کرنا چاہتی ہے، میرا نہیں خیال کہ نیب والوں کے دل میں کوئی رحم آیا ہو گا۔
مزید پڑھیں:کامران ٹیسوری گورنر سندھ تعینات، صدرِ مملکت نے منظوری دے دی
میری آنکھوں کے سامنے بیٹی روتی رہی، چھوٹی بیٹی روتے ہوئے گھر گئی، میں نے پاکستان کی تاریخ میں ایسا عمل ہوتے ہوئے نہیں دیکھا، میں عمران خان کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ کام تمہارے دور میں ہوا ہے، اس سے پہلے کسی دور میں نہیں ہوا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








