لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کا کمبی نیشن بہت زبردست ہے، یہ ٹیم ورلڈکپ بھی جیت سکتی ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ایشیائی ٹیموں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، ہماری قوت اسپنرز ہیں ، ٹیم اس وقت جیت رہی ہے اس لئے اسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ دوطرفہ سیریز کی نسبت ورلڈکپ میں تھوڑا ریلیف مل جاتا ہے، ایک سخت میچ کے بعد تھوڑی آسان ٹیم مل جاتی ہے، میرے خیال میں پاکستان ورلڈکپ جیتنے کا اہل ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے بھارت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ساری ٹیمیں میچز کھیلنے کیلئے پاکستان آرہی ہیں، بھارت کو بھی یہاں آکر ایشیا کپ میں کھیلنا چاہیے، ایشین کرکٹ کونسل کا مقصد بھی یہ تھا کہ ایشین بلاک آپس میں کھیلے، تو میرے خیال میں سب کو یہاں اکر کھیلنا چاہیے۔
ٹیم پر ہونے والی تنقید کے بارے میں رمیز راجہ نے کہا کہ خامیاں ہر ٹیم میں ہوتی ہیں، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے پاس کوالٹی اسپنرز موجود نہیں، اس پر بھی تنقید ہوتی ہے۔ ہر ٹیم کے پاس کوئی ہائی پوائنٹس اور کچھ لو پوائنٹس ہوتے ہیں، اگر مجموعی طور پر ٹیم آپ کو اچھا رزلٹ دے رہی ہے تو پھر اس کی اونرشپ ہونی چاہیے۔
چیئرمین پی سی بی نے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی اوپننگ پارٹنر شپ بارے میں کہا کہ لوگوں کی اس بات پر حیران ہوتا ہوں کہ بابر اور رضوان کی جگہ دوسری جوڑی کو موقع دیں، بڑی مشکل سے اوپننگ جوڑی بنتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ماضی میں دس سے زیادہ جوڑیاں آزمائی جاتی تھیں اور لوگ کہتے تھے کہ پاکستانی ٹیم کے پاس اوپنرز کی جوڑی نہیں۔اب جب ہمارے پاس ایک بہترین اوپنرز پئیر موجود ہے تو لوگ بات کرتے ہیں کہ ان کو اکٹھا کیا رکھا ہوا ہے۔کسی بھی بڑی ٹیم میں ایک بہترین وکٹ کیپر، اوپننگ جوڑی، فاسٹ بولرز سب کچھ اس وقت ہمارے پاس ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی کی عدم موجودگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ ہمارے اسپنرز نے شاہین کی کمی محسوس نہیں ہونے دی۔یہ ہمارےاچھے پوائنٹس ہیں، ہاں یہ درست ہے کہ مڈل آرڈر میں اس طرح کی پرفارمنس نہیں ہورہی جو ہم چاہتے ہیں لیکن اس کے باوجود یہ زیادہ طرح بہتر پرفارم کرنےمیں کامیاب رہتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








