کراچی، حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہوں گے:الیکشن کمیشن

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی، حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہوں گے:الیکشن کمیشن
کراچی، حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہوں گے:الیکشن کمیشن

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری 2023 کو منعقد کئے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اعلان سندھ ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے محض 4 دن بعد سامنے آیا ہے جس میں اس نے سندھ حکومت اور ایم کیو ایم کی درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ جلد سے جلد کرانے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات 90 روز تک موخر کرنے کی درخواست کی تھی۔ جوائنٹ سیکرٹری داخلہ محمد رمضان ملک نے الیکشن کمیشن کو بتایا تھا کہ وزارت انتخابی ڈیوٹیوں کے لیے سیکورٹی فراہم نہیں کر سکتی۔

انہوں نے بنچ کو بتایا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا تھا کہ سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سیکورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے، ”ہم مقامی حکومتوں کے انتخابات کی سیکیورٹی کی ضروریات پوری کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں ”۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اسپیشل سیکریٹری ظفر اقبال حسین نے بینچ کو آگاہ کیا تھا کہ ابتدائی طور پر انتخابات بارشوں کے باعث ملتوی کیے گئے تھے لیکن بعد میں سندھ حکومت نے انہیں مزید 90 دن کے لیے ملتوی کردیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے انتخابات میں تاخیر کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے بعد 15 نومبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

گزشتہ منگل کو ہونے والی سماعت کے دوران جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمان، ایم کیو ایم کے وسیم اختر، کراچی کے ایڈمنسٹریٹر اور پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب اور سندھ کے انسپکٹر جنرل پولیس الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

Related Posts