اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما و سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چوروں نے آرمی چیف کی تعیناتی کے عمل کو متنازعہ بنا دیا ہے۔ ایک وزیر کوئی اور بیان دیتا ہے، دوسرے کا کچھ اور ہوتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چوروں نے تعیناتی کو متنازعہ بنایا، وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ کوئی اور بیان دے رہے ہیں تو وزیرِ دفاع خواجہ آصف کوئی اور دیتے ہیں۔
پنڈی اجتماع کا مقصد حکومت سے نجات ہے، فواد چودھری
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف چلمن سے لگے بیٹھے ہیں۔ آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے ہمارا کوئی فیورٹ نہیں۔ تبدیلی کا عمل جلد مکمل ہونا چاہئے۔ آرمی چیف جو بھی لگے، اس سے سیاسی استحکام نہیں آئے گا۔
سابق وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی و معاشی استحکام کیلئے ملک میں عام انتخابات کا انعقاد ضروری ہے۔ 26 نومبر کو امپورٹڈ حکومت سے چھٹکارا یقینی بنائیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سابق وزیرِ اطلاعات و رہنما پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جمعے کی رات 35 سے 40 ہزار افراد پنڈی پہنچ جائیں گے۔
لاہور میں گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ 25 نومبر کی رات بڑی تعداد میں لوگ راولپنڈی پہنچ جائیں گے، کارکنان کی رہائش کے لئے خیمہ بستی بھی لگائی جا رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








