استنبول:ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعہ کو پاک بحریہ کے لئے چار ملجم کارویٹ جہازوں میں سے تیسرے جہاز پی این ایس خیبر کا افتتاح کیا جو پاک۔ترکیہ سٹرٹیجک پارٹنرشپ میں اہم سنگ میل کا حامل ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات ہیں جو گزرتے وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، پاکستان اور ترکیہ مل کر ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر ترکیہ کے دو روزہ دورہ پر ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اسرار ترین بھی استنبول شپ یارڈ میں پی این ایس خیبر لانچنگ تقریب میں موجود تھے۔ تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، شپ یارڈ آمد پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، ترکیہ نے ہر عالمی فورم پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔دوسرے گھر ترکیہ کا دوبارہ دورہ کرنے پر خوش ہوں، آج کا دن دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات میں عظیم دن ہے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپ امن سے رہنا چاہتے ہیں تو آپ کو جنگ کیلئے بھی تیار رہنا ہو گا، آج دنیا کو متعدد تنازعات کا سامنا ہے، انہوں نے کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان گندم برآمد معاہدے میں ترکیہ کا اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان ایک دور اندیشن رہنما ہیں، ان کی قیادت میں ترکیہ جدید فلاحی ریاست بن چکا ہے، ترکیہ کے دور دراز علاقوں کو تمام بنیادی سہولیات میسر ہیں۔
انہوں نے ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کو قابل تجدید توانائی ذرائع کے حصول کیلئے مل کر کام کرنا چاہئے، دونوں ممالک آلودگی میں کمی کیلئے بھی مل کر کام کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک۔ترکیہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوں گے، دنیا بھر کی طرح پاکستان کو بھی توانائی کی قلت کا سامنا ہے، پاکستان قابل تجدید توانائی اور توانائی کے سستے ذرائع کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں:پاک فوج ملکی دفاع کو مضبوط بنانے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی، جنرل ندیم رضا
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو گذشتہ دنوں بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، ترکیہ نے پاکستان کی بھرپور مدد کی، ترکیہ سے 15 طیارے امدادی سامان لے کر پہنچے، ماضی میں بھی ہر مشکل گھڑی میں ترکیہ نے پاکستان کی مدد کی، پاکستان اور ترکیہ مل کر ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم نے جہاز کی تیاری میں حصہ لینے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








