بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سی ٹی ڈی نے آپریشن کیا جس کے دوران 1 دہشت گرد ہلاک جبکہ 1 زخمی ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ کی سریاب روڈ پر واقع برما ہوٹل میں آپریشن کیا جس کے دوران کالعدم تنظیم کا دہشت گرد نظام الدین کرد ہلاک ہوگیا۔
پنجاب میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 9 دہشت گرد گرفتار
برما ہوٹل میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد ارسلان شاہ زخمی ہوگیا جسے گرفتار کیا گیا ہے۔ دونوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے سے ہے۔ ہلاک اور زخمی دہشت گردوں کی گاڑی سے بھاری اسلحہ برآمد ہوا۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گاڑی سے 80 دستی بم جس میں 37 امریکی اور 43 روسی ساختہ دستی بم شامل تھے، برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ 9 ایم ایم کے 2 پستول اور راؤنڈز بھی برآمد کیے گئے۔ زخمی دہشت گرد سے تفتیش کی جائے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 9 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا 2 روز قبل کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں کارروائیوں کے دوران گرفتار دہشتگردوں سے 2 آئی ای ڈی بم، 2768 دھماکا خیز مواد، 13 ڈیٹونیٹر برآمد کیے گئے، جبکہ حفاظتی فیوز، اسلحہ، نقدی، گولیاں و دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








