راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ مادر وطن کے دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور امن کو خراب کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی، دہشتگردی کے خلاف ہماری جنگ قوم کی حمایت سے جاری رہے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ضلع خیبر کی وادی تیراہ کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے پاک افغان بارڈر پر تعینات افسروں اور جوانوں کے ساتھ دن گزارا۔
سپہ سالار نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پھولوں کی چادر چڑھائی، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو آپریشنل، ٹریننگ اور فارمیشن کے دیگر امور کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جس میں کہا گیا کہ نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کے لیے سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کے لیے محفوظ ماحول پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
آرمی چیف کااس موقع پر کہنا تھا کہ جب تک ہم پائیدار امن اور استحکام حاصل نہیں کر لیتے دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ قوم کی حمایت سے جاری رہے گی، قبائلی عوام اور سکیورٹی فورسز کی بے شمار قربانیوں سے ریاست کی رٹ قائم ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں:قومی ہیرو میجر شبیر شریف کا یومِ شہادت آج منایا جارہا ہے
آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ کسی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اب تک کی محنت سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔مادر وطن کے دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور امن کو خراب کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








