ہفتہ کو اسلام آباد کی ضلعی عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص راجہ نے پولیس کو ہدایت کی کہ فواد چوہدری کو پیر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔
یہ فیصلہ ہفتے کے روز اسلام آباد کی ایک ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کی جانب سے فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ کی پولیس کی درخواست کی منظوری کے بعد سامنے آیا۔
سیشن جج طاہر محمود نے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
پولیس نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف نفرت پھیلانے اور تشدد پر اکسانے سے متعلق ایف آئی آر پر جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص راجہ کے فیصلے کے خلاف سیشن جج سے درخواست کی تھی۔
درخواست میں سیشن جج سے استدعا کی گئی کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے جنہوں نے فواد چوہدری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔
عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد فواد چوہدری کو دوبارہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنے اور اپنے فیصلے پر نظرثانی کی ہدایت کی۔
بعد ازاں فواد چوہدری کو مجسٹریٹ راجہ کے سامنے پیش کیا گیا جنہوں نے دلائل سنے اور دو گھنٹے بعد اپنا فیصلہ سنایا،فواد چوہدری پر الیکشن کمیشن کے اراکین اور ان کے اہل خانہ کو سرعام ”دھمکی” دینے کا الزام ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








