لاہور: پنجاب پولیس نے میانوالی میں مکڑوال تھانے پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا ہے جس پر آئی جی پنجاب نے جوانوں کو مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے میانوالی میں تھانہ مکڑوال پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا۔ حملہ آور دہشت گرد پولیس جوانوں کی جوابی فائرنگ سے پسپا ہو کر بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔
ذرائع کا گزشتہ روز کہنا تھا کہ 20 سے 25 دہشت گردوں نے میانوالی کے تھانہ مکڑوال کو گھیر کر شدید فائرنگ شروع کردی جس کے جواب میں پولیس نے بھرپور جوابی فائرنگ کی۔
میانوالی میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کی شدید فائرنگ
ڈی پی او میانوالی محمد نوید مزید نفری کے ہمراہ تھانہ مکڑوال کی جانب روانہ ہوگئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس ایچ او مکڑوال سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
آئی جی پنجاب نے بہادری اور فرض شناسی پر ایس ایچ او تھانہ مکڑوال اور محرر کو شاباش دیتے ہوئے حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ دہشت گرد عناصر کا تعاقب جاری رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے۔ سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس اور اسپیشل برانچ آپریشن میں میانوالی پولیس کو بھرپور معاونت فراہم کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








