لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرول کا مبینہ بحران سامنے آرہا ہے، جس کے باعث متعدد پیٹرول پمپس بند ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرگودھا،فیصل آباد، گوجرانوالہ، میں بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں۔ اکثر پیٹرول پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت بند ہے جبکہ چند کھلے پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، لوگ پیٹرول کے حصول کے لئے پریشان ہیں۔
شہریوں کے مطابق جو پیٹرول پمپس کھلے ہیں وہ موٹر سائیکل والوں کو 200 روپے کا پیٹرول فراہم کر رہے ہیں، گاڑی والوں کو 500 روپے کا پیٹرول دیا جا رہا ہے،شکر گڑھ،خوشاب،گوجرہ، منڈی بہاء الدین میں بھی چند پیٹرول پمپس کھلے ہیں باقی بند ہیں۔
پیٹرول پمپ کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کو کم کردیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
مزید پڑھیں:مہنگائی کا سلسلہ جاری، گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا
واضح رہے کہ یکم فروری سے قبل بھی پنجاب کے بیشتر شہروں میں پیٹرول کی مصنوعی قلت پیدا ہوگئی تھی تاہم وزیر خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے فوری بعد ہی یہ مصنوعی قلت ختم ہوگئی تھی۔مگر ایک بار پھر وہی صورتحال سامنے آرہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








