وزیرِخارجہ میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے جرمنی پہنچ گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

برلن: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آج (جمعہ) سے شروع ہونے والی تین روزہ میونخ سیکیورٹی کانفرنس 2023 میں شرکت کے لیے جرمنی پہنچ گئے۔

میونخ پہنچنے پر وزیرِخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا جرمنی میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے استقبال کیا۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ سکیورٹی کانفرنس میں گول میز مباحثوں سمیت متعدد پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری اپنے ہم منصبوں اور کانفرنس میں شریک رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ جرمنی کے دورہ کے بعد لتھوانیا کے وزیر خارجہ کی دعوت پر سرکاری دورے پر لتھوانیا بھی جائیں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 20 سے 21 فروری تک ولنیئس میں وزیر خارجہ گیبریلیس لینڈسبرگس کے ساتھ وسیع امور پر بات چیت کریں گے اور لتھوانیا کی پارلیمنٹ کے سپیکر سے ملاقات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:

پاکستان سے یوکرین کو اسلحہ کی سپورٹ کے الزامات بے بنیاد ہیں، دفتر خارجہ

دونوں فریق دوطرفہ سیاسی مشاورت کے قیام سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ اپنے دورے کے آخری مرحلے میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 21 سے 22 فروری تک ہنگری کا دورہ کریں گے اور ہنگری کے ہم منصب پیٹر سیجارٹو سے بات چیت کریں گے۔

بات چیت میں فریقین دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر غور و خوض کریں گے اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزرائے خارجہ دوطرفہ تعاون سے متعلق دو مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کریں گے جن میں سے ایک سفارتی اکیڈمیوں کے درمیان تعاون اور دوسرا دونوں ممالک کے درمیان کھیل اور تعلیم سے متعلق ہوگا۔

Related Posts