شہرِ قائد میں ڈاکٹر کو ڈائٹ پلان فروخت کرنا مہنگا پڑ گیا۔ کنزیومر کورٹ نے لیڈی ڈاکٹر پر ڈھائی لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی شرقی میں ڈائٹ پلان خریدنے والے شہری عبدالجبار لغاری کی جانب سے لیڈی ڈاکٹر ندا کے خلاف جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ میں نے ستمبر 2022 میں اپنی والدہ کیلئے ڈائٹ پلان خریدا۔
سندھ ایڈز کا مرکز بن گیا، 324 بچوں کی اموات رپورٹ
کنزیومر کورٹ کراچی شرقی میں جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا کہ ڈاکٹر ندا سے خریدے گئے ڈائٹ پلان کیلئے 38 ہزار روپے کی مکمل ادائیگی کی گئی۔ ہمیں بتایا گیا کہ 1 ماہ میں والدہ کا 10 کلو وزن کم ہوجائے گا تاہم ایسا نہیں ہوا۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ڈائٹ پلان پر عمل کے دوران میری والدہ کے پیٹ میں تکلیف شروع ہوگئی جس کی خاتون ڈاکٹر سے شکایت کی تاہم ڈاکٹر کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی، نہ ہی مجھے میری رقم واپس کی گئی۔
عدالت نے درخواست گزار کے مؤقف کو درست تسلیم کرتے ہوئے ڈائٹ پلان خریدنے والے شہری کے حق میں فیصلہ دے دیا۔ مدعا علیہ ڈاکٹر ندا نے عدالت کی جانب سے عائد کردہ جرمانے کی رقم ڈھائی لاکھ روپے عدالت میں جمع کرادی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








