رحیم یار خان:آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی نیشنل سکیورٹی کونسل کے حکم پر کچے کے علاقے میں پولیس کا گرینڈ آپریشن جاری ہے، سندھ پولیس بھی آپریشن میں حصہ لے گی۔
ذرائع کے مطابق آپریشن میں حصہ لینے کیلئے پنجاب سے 2 ہزار جوانوں پر مشتمل نفری بھجوائی گئی ہے، مجموعی طور پر 11 ہزار جوان آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور بھی دورے پر کچے کے علاقے پہنچ گئے، جہاں پولیس ٹیموں اور ڈاکوؤں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ آج اندرونی علاقوں میں پیش قدمی کا آغاز کیا جائے گا، اس سے قبل انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رہے جبکہ آج اندرونی علاقوں کو کلیئر کروانے کیلئے آپریشن کا آغاز ہو رہا ہے،مختلف اضلاع سے 2 ہزار مزید نفری آپریشن میں حصہ لینے کیلئے روانہ کی گئی ہے، کچے کے علاقے میں پولیس چوکیاں مکمل بحال کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست اور قانون کی رٹ کو بحال کیا جائے گا، پولیس جوانوں کا جوش و جذبہ جوان اور مورال بلند ہے، سماج دشمن عناصر کا مستقل خاتمہ کیا جائے گا۔ سندھ پولیس بھی اپنے علاقوں میں آپریشن کا آغاز کر رہی ہے، کچے کے علاقے سے مجرمان کی پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کچے کے علاقے میں جاری پولیس آپریشن میں اب تک ایک ڈاکو ہلاک جبکہ باقی کمین گاہ چھوڑ کر فرار ہوگئے ہیں، پولیس کی ٹیمیں مفرور ڈاکوؤں کا مسلسل پیچھا کر رہی ہیں، دو طرفہ شدید فائرنگ کے تبادلہ میں پولیس کا ایک ہیڈ کانسٹیبل بھی زخمی ہوا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








